نئی دہلی، 18دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے الزام لگایا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر نجیب جنگ اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں اور منصوبوں سے منسلک اہم فائلوں پر کوئی فیصلہ نہیں کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اگر لوگوں کے مفادات کو نظر اندازکیاگیا تو آپ حکومت ان کے ساتھ جدوجہدسے گریز نہیں کرے گی۔سسودیا نے شدید حملہ بولتے ہوئے یہ بھی الزام لگایا کہ لیفٹیننٹ گورنر کی طرف سے شہر میں محلہ کلینکوں کے قیام سمیت مختلف اہم منصوبوں کو روکے جانے کے پیچھے وزیر اعظم کا دفتر ہے۔سسودیا نے کہا کہ ہم لیفٹیننٹ گورنر کو لوگوں کے مفادات کو نظر انداز نہیں کرنے دیں گے،اگر ضرورت ہوئی تو ہم ان سے گزارش کریں گے اور اگر لیفٹیننٹ گورنر کے ساتھ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہوئی تو ہم وہ بھی کریں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کی ہدایات کے بغیر لیفٹیننٹ گورنر راہ میں حائل رکاوٹیں پیدا نہیں کر سکتے۔سسودیا نے دعوی کیا کہ دہلی اسمبلی میں بھاری شکست کے بعد وزیر اعظم کا رویہ دہلی کے تئیں روکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم او دہلی حکومت کے کام کاج میں لیفٹیننٹ گورنر کے ذریعہ راہ میں حائل رکاوٹیں کھڑی کر رہا ہے۔سپریم کورٹ نے 14دسمبر کو کہا تھا کہ دہلی حکومت کے پاس کچھ حقوق ہونے چاہئیں تاکہ وہ آسانی سے کام کرسکے۔